وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ معرکہ حق کی شاندار فتح نے پاکستان کی ناقابل تسخیر دفاعی صلاحیتوں اور قومی یکجہتی کا واضح اور دو ٹوک پیغام بھارت تک پہنچا دیا ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ معرکہ حق محض ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ ایک ایسی لکیر ہے جو ہمیشہ کے لیے کھینچ دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس فتح نے ثابت کر دیا ہے کہ مستقبل میں کسی بھی جارحیت کا جواب پہلے سے زیادہ بھرپور اور فیصلہ کن انداز میں دیا جائے گا۔
ملک بھر میں معرکہ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر تقریبات کا انعقاد کیا گیا ہے۔ وزیر دفاع نے مزید کہا کہ پاکستان کی بری، بحری اور فضائی افواج کی جوابی صلاحیت دشمن کی توقعات سے کہیں زیادہ تیز اور مربوط ہے۔ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔
خواجہ آصف نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستانی نوجوانوں کا شعور اور اعتماد ہی دراصل ملک کی اصل طاقت ہے۔ نوجوان نسل بخوبی جانتی ہے کہ اپنے وطن کا دفاع کس طرح کرنا ہے۔
