اسلام آباد سے جاری ہونے والے پیغامِ اسلام کانفرنس کے اعلامیے میں وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو امن کا علمبردار قرار دیا گیا ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی اور پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین علامہ طاہر اشرفی نے بدھ کے روز کانفرنس کا اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ کانفرنس حکومت اور مسلح افواج کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتی ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شرکاء بھارت کے خلاف معرکہ حق میں کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں۔
کانفرنس کے اعلامیے میں آپریشن بنیان مرصوص میں بھارت کے خلاف کامیابی پر وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کو مبارکباد پیش کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مولانا ادریس کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔
خطے کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے اعلامیے میں ایران پر ہونے والے حملوں اور ایران کی جانب سے خلیجی ممالک پر حملوں کی بھی مذمت کی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق آئندہ ساتویں کانفرنس میں امام کعبہ بھی شرکت کریں گے۔ کانفرنس کا آخری سیشن ایوانِ صدر میں منعقد کیا جائے گا۔
