وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ معرکہ حق کے دوران پاکستان نے بھارتی تنصیبات کو نشانہ بنایا تاہم ڈونلڈ ٹرمپ کی مداخلت نے بھارت کو بڑے نقصانات سے بچا لیا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اس تنازع کے دوران پاکستان نے اللہ تعالیٰ کی نصرت اور اپنی عسکری تیاریوں کی بدولت کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بھارت نے پاکستان کے مختلف علاقوں میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے ڈرون بھیجے جنہیں رینجرز نے سرحد کے قریب ہی ناکارہ بنا دیا۔ وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ بھارت کی جانب سے سائبر حملوں کی کوشش بھی کی گئی لیکن اس میدان میں پاکستان کو برتری حاصل رہی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران پہلی بار ڈرونز کا بڑے پیمانے پر استعمال دیکھا گیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستانی ڈرونز نے نئی دہلی میں بھارتی وزیراعظم کی رہائش گاہ کے اوپر پرواز کی جس سے بھارتی حکام میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ محسن نقوی نے الزام عائد کیا کہ بھارت نے پاکستانی شہری آبادی کو نشانہ بنایا جبکہ پاکستان نے ہمیشہ بھارتی شہریوں کو ہدف بنانے سے گریز کیا۔
وزیر داخلہ نے اس موقع پر آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت مسلح افواج کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے بتایا کہ جنگ بندی سے قبل بھارت نے پاکستانی اڈے کو نشانہ بنایا جس کے جواب میں پاکستان نے محدود لیکن مؤثر کارروائی کرتے ہوئے بھارت کا ایک بڑا آئل ڈپو تباہ کر دیا۔
محسن نقوی نے دعویٰ کیا کہ پاکستان نے بھارتی جنگی طیاروں اور بحری تنصیبات سمیت اہم اہداف کو لاک کر رکھا تھا جس کے بعد بھارت جنگ بندی پر مجبور ہوا۔ انہوں نے کہا کہ انٹیلی جنس اداروں کی بروقت معلومات نے آپریشن کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا اور پاکستان کے پاس بھارت کی صورتحال کی ایسی معلومات تھیں جیسے وہ اپنا ہی ملک ہو۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی مداخلت نے بھارت کو بڑی تباہی سے بچایا اور اب بھارت مستقبل میں کسی بھی مہم جوئی سے قبل کئی بار سوچے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لے رہے ہیں اور انہیں امید ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کوششیں اس محاذ پر بھی مثبت نتائج لائیں گی۔ محسن نقوی نے اس کشیدگی کے دوران پاکستانی میڈیا کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ میڈیا نے مؤثر بیانیے کے ذریعے قوم کو متحد رکھا۔
