پاکستان بھر میں شدید گرمی کی لہر کا سلسلہ جمعہ کے روز بھی جاری رہا جس کے باعث ملک کے جنوبی اور جنوب مغربی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کا شہر نوکنڈی ملک کا گرم ترین مقام رہا جہاں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
سندھ کے شہروں سکھر اور جیکب آباد کے ساتھ ساتھ بلوچستان کے علاقے دالبندین میں بھی پارہ 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا۔ دیگر بڑے شہروں کی صورتحال پر نظر ڈالی جائے تو کراچی میں درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ لاہور اور کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں درجہ حرارت 33 اور پشاور میں 37 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ گرمی کی موجودہ لہر مزید کچھ روز تک برقرار رہ سکتی ہے۔ ادارے کے مطابق ہفتے کے روز ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم جنوبی پنجاب، بالائی سندھ اور بلوچستان کے مشرقی و جنوبی علاقوں میں شدید گرمی متوقع ہے۔
