وزیراعظم شہباز شریف سے قطر کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔ بات چیت کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور امن کے قیام کے لیے جاری کوششوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
وزیراعظم آفس کے مطابق دونوں رہنماؤں نے علاقائی امن کے اقدامات اور استحکام کے حوالے سے اہم پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور قطر کے مابین گہرے برادرانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے پاکستان کی امن کوششوں کے لیے دوحہ کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں پائیدار امن کے حصول کے لیے تمام فریقین کا تعمیری مشغولیت برقرار رکھنا ناگزیر ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان امیر قطر کے دورے کا منتظر ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے مابین پائیدار شراکت داری کو مزید مستحکم اور وسعت دینے میں معاون ثابت ہوگا۔
