-Advertisement-

امریکا اور ایران میں امن تجاویز پر اتفاق نہ ہونے سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ

تازہ ترین

تھائی لینڈ کے سابق وزیراعظم تھاکسن شیناواترا جیل سے رہا

تھائی لینڈ کے سابق وزیراعظم اور ارب پتی کاروباری شخصیت ٹھاکسن شیناواترا کو پیر کے روز پیرول پر جیل...
-Advertisement-

عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں تین ڈالر فی بیرل کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ یہ تیزی امریکہ اور ایران کے درمیان امن تجاویز پر اتفاق رائے نہ ہونے کے باعث دیکھی گئی ہے، جبکہ آبنائے ہرمز کی بندش کے سبب عالمی توانائی کی سپلائی شدید دباؤ کا شکار ہے۔

برینٹ کروڈ آئل کے سودے تین اعشاریہ اٹھارہ ڈالر یعنی تین اعشاریہ چودہ فیصد اضافے کے ساتھ ایک سو چار اعشاریہ سینتالیس ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئے۔ اس سے قبل جمعہ کے روز بھی تیل کی قیمتوں میں ایک اعشاریہ تئیس فیصد اضافہ ہوا تھا۔

امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت تین اعشاریہ صفر نو ڈالر یعنی تین اعشاریہ چوبیس فیصد اضافے کے ساتھ اٹھانوے اعشاریہ اکیاون ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کر رہی ہے۔

امریکہ اور ایران کے درمیان دس ہفتوں سے جاری کشیدگی کے خاتمے کی امیدیں اس وقت دم توڑ گئیں جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کے روز امریکی امن تجویز پر ایرانی ردعمل کو ناقابل قبول قرار دے دیا۔

امریکی حکام کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ بدھ کو بیجنگ پہنچیں گے جہاں ان کی چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ ملاقات متوقع ہے۔ اس دورے کے دوران دیگر معاملات کے ساتھ ساتھ ایران کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

آئی جی مارکیٹ کے تجزیہ کار ٹونی سائیکامور کا کہنا ہے کہ مارکیٹ کی تمام تر توجہ اب صدر ٹرمپ کے دورہ چین پر مرکوز ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ امید کی جا رہی ہے کہ صدر ٹرمپ بیجنگ کو اس بات پر قائل کر لیں گے کہ وہ ایران پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے تاکہ جنگ بندی اور آبنائے ہرمز میں جاری رکاوٹوں کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔

سعودی آرامکو کے چیف ایگزیکٹو امین ناصر نے اتوار کو بتایا کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران دنیا کو تقریباً ایک ارب بیرل تیل کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر تیل کی ترسیل بحال بھی ہو جائے تب بھی توانائی کی منڈیوں کو معمول پر آنے میں وقت لگے گا۔

کپلر شپنگ کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے خام تیل سے لدے دو مزید ٹینکرز ایرانی حملوں سے بچنے کے لیے ٹریکرز بند کر کے آبنائے ہرمز سے گزرے۔ یہ پیش رفت مشرق وسطیٰ سے تیل کی برآمدات جاری رکھنے کے لیے اختیار کیے جانے والے بڑھتے ہوئے رجحان کی عکاسی کرتی ہے۔

اہم خبریں

-Advertisement-

مزید خبریں

- Advertisement -