برطانیہ کے وزیر اعظم کیئر اسٹارمر بدھ کے روز ڈاؤننگ اسٹریٹ سے پارلیمنٹ کے افتتاحی اجلاس کے لیے روانہ ہوئے، جہاں شاہ چارلس ایک پروقار تقریب کی قیادت کریں گے۔ یہ تقریب برطانوی حکومت کے لیے سال بھر کے سیاسی ترجیحات اور قانون سازی کے ایجنڈے کو پیش کرنے کا روایتی موقع ہے۔
حکومت کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق، 35 سے زائد بلوں اور مسودہ قوانین پر مشتمل ایک پیکج پیش کیا جائے گا۔ اس قانون سازی کا بنیادی مقصد ملکی معیشت کی بہتری، قومی سلامتی کو مستحکم کرنا اور ریاستی اصلاحات کا نفاذ ہے تاکہ ایک ایسی فعال حکومت تشکیل دی جا سکے جو عوام کے مفادات کے تحفظ کے لیے کوشاں ہو۔
پارلیمنٹ پہنچنے کے بعد شاہ چارلس شاہی لبادہ پہن کر وزیر اعظم اسٹارمر کی حکومت کا تحریر کردہ خطاب پڑھیں گے، جس میں نئے قوانین کا خاکہ پیش کیا جائے گا۔
تاہم، اس حکومتی ایجنڈے کا نفاذ اور وزیر اعظم کیئر اسٹارمر کا سیاسی مستقبل غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے۔ مبصرین کے مطابق اگر کیئر اسٹارمر کو اقتدار سے ہٹایا جاتا ہے تو ان کے جانشین اس منصوبے پر عمل کرنے کے پابند نہیں ہوں گے۔
