ہنگو کے علاقوں بگٹو ٹاپ سرکی اور چمبا گل میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک پولیس اہلکار جام شہادت نوش کر گیا۔
کوہاٹ کے ریجنل پولیس آفیسر کے مطابق علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف کلیئرنس آپریشن کئی گھنٹوں سے جاری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کارروائی اس وقت تک جاری رہے گی جب تک علاقے کو مکمل طور پر دہشت گردوں سے پاک نہیں کر لیا جاتا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز کا آپریشن فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ ریاست مخالف عناصر اور دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔ انہوں نے آپریشن کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے اہلکار کو خراج عقیدت پیش کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
شہید اور زخمی اہلکار کو طبی و قانونی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ڈی پی او نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب حکمت عملی اپنانے پر پولیس اور سکیورٹی فورسز کے جوانوں کی کارکردگی کو سراہا۔
