اسلام آباد میں امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران خطے کی موجودہ صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے زور دیا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے مذاکرات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے امریکہ اور ایران کے مابین کشیدگی کم کرنے کے لیے بات چیت اور جنگ بندی کے تسلسل کی ضرورت پر زور دیا۔
امریکی ناظم الامور نے خطے میں قیام امن کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔ انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ پاکستان کی سفارتی کوششیں خطے میں کشیدگی کم کرنے میں معاون ثابت ہو رہی ہیں۔
قبل ازیں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے بھی ملاقات کی۔ اس نشست میں بھی علاقائی پیش رفت اور عالمی استحکام کے موضوعات زیر بحث آئے۔
چینی سفیر نے امریکہ اور ایران کے درمیان رابطوں کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کاوشیں عالمی اور علاقائی امن کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔
بیجنگ کے نمائندے نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کی حوصلہ افزائی کے لیے پاکستان کا تعمیری سفارتی کردار خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے ناگزیر ہے۔
