اسلام آباد سے تحریک انصاف کے بانی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے منگل کے روز بانی پی ٹی آئی کی بگڑتی ہوئی صحت پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ عمران خان کو ان کے اہل خانہ کی موجودگی میں شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کیا جائے۔
علیمہ خان کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی ایک آنکھ متاثر ہونے کے بعد اب دوسری آنکھ کو بھی شدید خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے اپنے وکیل سلمان صفدر کو آگاہ کیا ہے کہ پہلا انجکشن لگنے کے بعد آنکھ میں کچھ بہتری محسوس ہوئی تھی تاہم اب مزید انجکشنز کا کوئی اثر نہیں ہو رہا۔
علیمہ خان کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے سلمان صفدر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب انہیں اپنے قریب بیٹھے ہوئے افراد بھی دکھائی نہیں دے رہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ عمران خان کی صحت روز بروز گر رہی ہے اور صورتحال تشویشناک ہوتی جا رہی ہے۔
ادھر خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات شفیع جان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو رات کے اندھیرے میں ہسپتال منتقل کرنا جیل مینوئل کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کو فوری طور پر شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کیا جائے۔
