اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کے ایکس اکاؤنٹ کی بحالی اور بشریٰ بی بی کو ذاتی معالج تک رسائی فراہم کرنے سے متعلق درخواستوں پر سماعت کل کے لیے مقرر کر دی ہے۔ جسٹس ارباب محمد طاہر دونوں درخواستوں کی سماعت کریں گے۔
اڈیالہ جیل انتظامیہ کی جانب سے اپنا جواب عدالت میں جمع کروا دیا گیا ہے جبکہ عدالت نے دیگر فریقین کو بھی اپنے جوابات داخل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ کیس کی پیروی کر رہے ہیں۔ عدالت نے وکیل کو اپنے موکل سے مشاورت کے لیے ملاقات کی اجازت دی تھی تاہم عدالتی احکامات کے باوجود وکیل اور بانی پی ٹی آئی کے درمیان ملاقات عمل میں نہ آ سکی۔
دوسری جانب بشریٰ بی بی کی صاحبزادی مبشرہ خاور مانیکا کی جانب سے دائر کردہ درخواست کو بھی سماعت کے لیے مقرر کر دیا گیا ہے جسے عدالت کے رجسٹرار آفس نے باقاعدہ نمبر الاٹ کر دیا ہے۔ درخواست گزار نے اپنی والدہ سے فیملی ملاقاتوں اور انہیں ذاتی معالج تک رسائی دینے کی استدعا کی ہے۔
