سندھ ہائی کورٹ نے پاکستانی یوٹیوبر رجب بٹ کی جانب سے دائر کردہ کیس کی منتقلی کی درخواست نمٹا دی۔ پیر کے روز سماعت کے دوران رجب بٹ کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ وہ اپنے موکل کا مقدمہ کراچی سے باہر منتقل کرنے کی درخواست واپس لینا چاہتے ہیں۔
عدالت نے وکیل سے استفسار کیا کہ ضلعی عدالت میں کارروائی کس مرحلے پر ہے۔ اس پر وکیل نے انکشاف کیا کہ تفتیشی افسر کی جانب سے ابھی تک متعلقہ عدالت میں چالان جمع نہیں کرایا گیا ہے۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ مقدمے کے ابتدائی مرحلے پر منتقلی کی درخواست پر سماعت ممکن نہیں ہے۔ بنچ نے واضح کیا کہ کیس کی منتقلی کے لیے درخواست صرف اسی صورت میں دائر کی جا سکتی ہے جب چالان باضابطہ طور پر عدالت میں پیش کر دیا جائے۔
واضح رہے کہ رجب بٹ نے یہ درخواست سٹی کورٹس میں تشدد کے خدشات کے پیش نظر دائر کی تھی تاہم وکیل کی جانب سے درخواست واپس لینے پر عدالت نے اسے نمٹا دیا ہے۔
