صوبائی دارالحکومت لاہور اور گردونواح میں پیر کی شب شروع ہونے والی تیز ہواؤں اور ہلکی بارش نے موسم کو خوشگوار بنا دیا ہے۔ ابر کرم برسنے سے گرمی کی شدت میں کمی آئی ہے تاہم بارش کا سلسلہ شروع ہوتے ہی شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔
لیسکو کے متعدد فیڈرز ٹرپ کر جانے کے باعث شہر کے کئی علاقے تاریکی میں ڈوب گئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق لیسکو انتظامیہ بحالی کے کاموں میں مصروف ہے۔
بارش کا یہ سلسلہ ڈیفنس، غازی روڈ، فیروز پور روڈ، والٹن، مال روڈ، لکشمی چوک، گلشن راوی، جیل روڈ، گلبرگ، گارڈن ٹاؤن، کلمہ چوک اور ساندہ سمیت شہر کے دیگر حصوں میں ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ بارش کا یہ سلسلہ آج بھی جاری رہے گا۔
