-Advertisement-

190 ملین پاؤنڈ ریفرنس: عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر سماعت ملتوی کرنے کی استدعا

تازہ ترین

نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کی سمندری حدود میں دفاعی تیاریوں کو مزید مستحکم کرنے پر زور

اسلام آباد میں پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس اختتام پذیر ہو گئی ہے جس کی صدارت سربراہ...
-Advertisement-

سابق وزیراعظم عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں دائر مرکزی اپیلوں کی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کر دی ہے۔ بیرسٹر سلمان صفدر کا کہنا ہے کہ اڈیالہ جیل میں قید اپنے موکلین تک رسائی نہ ہونے کے باعث انہیں قانونی ہدایات حاصل کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وکلاء کی اب تک کی مصروفیات صرف سزائیں معطل کروانے کی درخواستوں تک محدود رہی ہیں۔ مرکزی اپیلوں پر باقاعدہ پیروی کے لیے ضروری پاور آف اٹارنی پر دستخط نہیں ہو سکے کیونکہ جیل انتظامیہ کی جانب سے ملاقات کے مواقع فراہم نہیں کیے جا رہے۔

وکیل نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ جیل حکام کو سخت ہدایات جاری کی جائیں تاکہ وکلاء کو اپنے موکلین سے ملاقات کی سہولت میسر ہو سکے اور ضروری قانونی دستاویزات مکمل کیے جا سکیں۔ اس صورتحال کے پیش نظر 7 مئی کو مقررہ مرکزی اپیلوں کی سماعت کو ملتوی کرنے کی استدعا بھی کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس جنوری میں احتساب عدالت نے نیب ریفرنس میں عمران خان کو 14 برس اور بشریٰ بی بی کو 7 برس قید کی سزا سنائی تھی۔ یہ کیس القادر ٹرسٹ کے قیام اور اس کے ذریعے مبینہ طور پر کروڑوں ڈالر مالیت کی زمین حاصل کرنے سے متعلق ہے۔ حکومت کا الزام ہے کہ برطانیہ سے آنے والی رقوم قومی خزانے میں جمع کرانے کے بجائے ایک کاروباری شخصیت کے جرمانے ادا کرنے کے لیے استعمال کی گئیں، تاہم بانی پی ٹی آئی ان الزامات کی تردید کرتے ہیں۔

دوسری جانب وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور دیگر کے خلاف چالان اسپیشل کورٹ کے رجسٹرار کے پاس جمع کروا دیا ہے۔ رجسٹرار آفس کی جانب سے جانچ پڑتال مکمل ہونے کے بعد چالان عدالت میں باقاعدہ سماعت کے لیے مقرر کیا جائے گا۔ اس کیس میں بانی پی ٹی آئی سمیت دیگر نامزد ملزمان پر غیر ملکی فنڈنگ اور مالی بے ضابطگیوں کے الزامات عائد ہیں۔

اہم خبریں

-Advertisement-

مزید خبریں

- Advertisement -