ہائر ایجوکیشن کمیشن نے طلبہ کی سہولت کے لیے ڈگری تصدیق کا مکمل آن لائن اور پیپر لیس نظام متعارف کروا دیا ہے۔ اس اقدام کے بعد اب طلبہ کو تصدیقی عمل کے لیے ایچ ای سی کے دفاتر کے چکر لگانے یا اصل دستاویزات جمع کروانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر نیاز احمد اختر کے مطابق ڈگری اٹیسٹیشن سسٹم یعنی ڈی اے ایس کو جدید بلاک چین ٹیکنالوجی کی مدد سے تیار کیا گیا ہے تاکہ تصدیق کا عمل تیز، محفوظ اور شفاف بنایا جا سکے۔ اس نظام کو مرتب کرتے وقت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کی تجاویز کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے۔
نئے ڈیجیٹل سسٹم کے تحت طلبہ ایچ ای سی کے ای سروسز پورٹل پر چوبیس گھنٹے اپنی درخواستیں جمع کروا سکیں گے۔ درخواست دہندگان کو پورٹل پر اکاؤنٹ بنا کر اپنی تعلیمی تفصیلات درج کرنی ہوں گی اور اسناد اپ لوڈ کرنا ہوں گی، جس کے بعد ایچ ای سی اور متعلقہ یونیورسٹیاں آن لائن ہی ان کی جانچ پڑتال کریں گی۔
فیس کی ادائیگی کے عمل کو بھی ون لنک کے ذریعے آن لائن کر دیا گیا ہے جس سے طلبہ کو بینکوں میں لمبی قطاروں میں کھڑے ہونے کی زحمت نہیں اٹھانی پڑے گی۔ پرانے مینوئل نظام میں دستاویزات ڈاک کے ذریعے بھیجنے یا ذاتی طور پر پیش ہونے کی شرط تھی، تاہم اب تصدیق کے بعد ای سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا۔
درخواست کی منظوری پر طلبہ کو ایس ایم ایس اور ای میل کے ذریعے مطلع کیا جائے گا، جس کے بعد وہ اپنے پورٹل اکاؤنٹ سے تصدیق شدہ سرٹیفکیٹ براہ راست ڈاؤن لوڈ کر سکیں گے۔ یہ اقدام نہ صرف طلبہ کا وقت اور اخراجات بچائے گا بلکہ انسانی مداخلت کو کم کرکے ڈگری تصدیق کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنائے گا۔
