-Advertisement-

لاہور میں شدید گرمی کے بعد ژالہ باری، موسم خوشگوار

تازہ ترین

اسحاق ڈار اور کویتی وزیر خارجہ کی ملاقات، علاقائی صورتحال اور ایران-امریکہ مذاکرات پر تبادلہ خیال

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور کویتی وزیر خارجہ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس...
-Advertisement-

لاہور میں بدھ کے روز ہونے والی موسلا دھار بارش اور ژالہ باری نے موسم کو خوشگوار بنا دیا جس سے شہریوں کو شدید گرمی سے بڑی راحت ملی ہے۔ مال روڈ، جیل روڈ اور گلبرگ سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہا۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے سہ پہر ساڑھے تین بجے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران لاہور شہر میں 24 ملی میٹر جبکہ ایئرپورٹ کے علاقے میں 19 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

موسمیاتی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بارش برسانے والا یہ سسٹم نسبتاً کمزور ہے اور بادلوں کے جلد چھٹ جانے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ موجودہ ہائی پریشر سسٹم کے خاتمے کے بعد دوبارہ گرم موسم کا غلبہ رہے گا۔

ادھر واسا کے ایم ڈی کی ہدایت پر فیلڈ عملے کو الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ نشیبی علاقوں میں پانی کے فوری نکاس کو یقینی بنایا جا سکے اور اربن فلڈنگ کے خدشات کو ٹالا جا سکے۔

پنجاب کے دیگر اضلاع کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج رات صوبے کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، البتہ مری، گلیات اور پوٹھوہار کے علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ بہاولپور، راجن پور، رحیم یار خان، کوٹ ادو، نارووال، سیالکوٹ اور شیخوپورہ سمیت لاہور کے گردونواح میں گرد آلود ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

جمعرات کے روز بھی صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم بہاولپور، راجن پور، رحیم یار خان، کوٹ ادو اور ڈیرہ غازی خان میں بارش اور گرج چمک کے باعث درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے۔ مری اور گلیات میں شام اور رات کے اوقات میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

اہم خبریں

-Advertisement-

مزید خبریں

- Advertisement -