اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی اداروں بشمول پولیس میں بھرتیوں پر عائد حکم امتناعی ختم کر دیا ہے جس کے بعد اب موجودہ پالیسی کے تحت نئی بھرتیاں کرنے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر، جسٹس خادم حسین سومرو اور جسٹس انعام امین منہاس پر مشتمل لارجر بینچ نے یکم اگست 2024 کو جاری ہونے والا حکم امتناعی کالعدم قرار دے دیا ہے۔ عدالت نے انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس کو ہدایت کی ہے کہ وہ موجودہ پالیسی کے مطابق بھرتی کا نیا عمل شروع کریں۔
عدالتی حکم نامے میں یہ بھی درج ہے کہ ایڈووکیٹ جنرل نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض اٹھایا تھا جبکہ درخواست گزار بیرسٹر یاور گردیزی نے دلائل کے لیے وقت طلب کیا تھا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں واضح کیا ہے کہ وہ امیدوار جو اس مقدمے کے باعث عمر کی حد سے تجاوز کر چکے ہیں، انہیں بھی نئی بھرتیوں کے عمل میں شامل ہونے کی اجازت ہوگی۔ تاہم تمام تقرریاں حتمی فیصلے کے نتیجے سے مشروط ہوں گی۔
