پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں تسلسل کے ساتھ کمی کا رجحان جاری ہے اور عالمی منڈی میں قیمتیں گرنے کے اثرات مقامی صرافہ بازاروں پر بھی نمایاں نظر آئے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق جمعہ کے روز مقامی مارکیٹ میں سونے کی فی تولہ قیمت میں ایک ہزار روپے کی کمی واقع ہوئی جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 67 ہزار 262 روپے کی سطح پر آگئی۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 858 روپے کی کمی سے 4 لاکھ 61 ہزار 601 روپے ریکارڈ کی گئی۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز جمعرات کو سونے کی قیمت میں 11 ہزار روپے کی بڑی کمی دیکھی گئی تھی جس کے بعد قیمت 4 لاکھ 68 ہزار 262 روپے پر بند ہوئی تھی۔
عالمی منڈی میں بھی سونے کی قدر میں گراوٹ دیکھی گئی جہاں فی اونس قیمت 10 ڈالر کی کمی کے بعد 4 ہزار 445 ڈالر تک پہنچ گئی۔ اس قیمت میں 20 ڈالر کا پریمیم بھی شامل ہے۔
دوسری جانب چاندی کی قیمتوں میں بھی تنزلی کا سلسلہ جاری رہا۔ فی تولہ چاندی کی قیمت 30 روپے کی کمی کے بعد 7 ہزار 454 روپے پر فروخت ہوتی رہی۔
