-Advertisement-

صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی ارتھ آور میں بھرپور شرکت کی اپیل

تازہ ترین

پوپ لیو کا موناکو کے شہریوں پر زور: دولت اور اثر و رسوخ کو انسانیت کی فلاح کے لیے استعمال کریں

پوپ لیو چہار دہم نے موناکو کے ایک روزہ دورے کے موقع پر وہاں کے باسیوں پر زور دیا...
-Advertisement-

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ 28 مارچ 2026 کو ارتھ آور کے موقع پر بھرپور شرکت کریں۔ اس عالمی مہم کا مقصد ماحولیاتی تحفظ، توانائی کی بچت اور موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں شہریوں پر زور دیا کہ وہ 28 مارچ کی شام غیر ضروری برقی آلات اور لائٹس ایک گھنٹے کے لیے بند رکھیں۔ صدر کا کہنا تھا کہ اس وقت کو توانائی کے تحفظ، ماحول کی حفاظت اور پائیدار طرز زندگی کو فروغ دینے پر غور و فکر کے لیے استعمال کیا جائے۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے بھی قوم کو ہدایت کی ہے کہ وہ رات ساڑھے آٹھ بجے سے ساڑھے نو بجے تک غیر ضروری بجلی کا استعمال بند یا کم کر دیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ ماحولیاتی چیلنجز کے دور میں ارتھ آور ہمیں یاد دلاتا ہے کہ کرہ ارض کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ اور بنیادی ذمہ داری ہے۔

اس سال ارتھ آور کا مرکزی موضوع گیو این آور فار ارتھ ہے۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ یہ محض ایک علامتی سرگرمی نہیں بلکہ ایک عالمی لمحہ فکر ہے جو پائیدار اور محفوظ مستقبل کے لیے عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج لیے گئے فیصلے ہی آنے والی نسلوں کے مستقبل کا تعین کریں گے۔

حکومتی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت کلائمیٹ ریزیلینٹ ڈویلپمنٹ ایجنڈے پر کام کر رہی ہے۔ ان منصوبوں میں اپ اسکیلنگ گرین پاکستان پروگرام، لیونگ انڈس انیشیٹو، ریچارج پاکستان اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جدید وارننگ سسٹمز کی تنصیب شامل ہیں۔

ارتھ آور ہر سال مارچ کے آخری ہفتے میں منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر ملک کے اہم سرکاری و نجی مقامات کی روشنیاں گل کر دی جاتی ہیں۔ گزشتہ برسوں کی طرح امسال بھی وفاقی دارالحکومت سمیت ملک بھر کے اہم مراکز میں اس مہم کو عملی جامہ پہنایا جائے گا جس میں پالیسی ساز، سول سوسائٹی کے نمائندے اور نوجوان نسل شرکت کرے گی۔

اہم خبریں

-Advertisement-

مزید خبریں

- Advertisement -