-Advertisement-

جیفری ایپسٹین کیس: بینک آف امریکہ کا 72.5 ملین ڈالر ہرجانہ ادا کرنے پر معاہدہ

تازہ ترین

پیرس میں بینک آف امریکہ پر بم حملے کی کوشش، مزید دو افراد گرفتار

پیرس میں بینک آف امریکہ کے ہیڈ کوارٹر کے باہر دیسی ساختہ بم نصب کرنے کی کوشش کے الزام...
-Advertisement-

بینک آف امریکہ جیفری ایپسٹین کے جنسی استحصال کے متاثرین کی جانب سے دائر کیے گئے دیوانی مقدمے کو نمٹانے کے لیے 72 اعشاریہ 5 ملین ڈالر ادا کرنے پر رضامند ہو گیا ہے۔ عدالتی دستاویزات کے مطابق یہ تصفیہ اس مقدمے کا حصہ ہے جس میں بینک پر ایپسٹین کے جرائم میں سہولت کاری کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

اس ماہ کے اوائل میں بینک اور متاثرہ خواتین کے وکلاء نے مین ہیٹن میں امریکی ڈسٹرکٹ جج جیڈ ریکوف کو اصولی طور پر تصفیے تک پہنچنے کی اطلاع دی تھی، تاہم اس وقت معاہدے کی شرائط خفیہ رکھی گئی تھیں۔ بینک آف امریکہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ اگرچہ وہ اپنے سابقہ موقف پر قائم ہیں کہ بینک نے جنسی اسمگلنگ جیسے جرائم میں کوئی سہولت فراہم نہیں کی، تاہم یہ تصفیہ معاملہ ختم کرنے اور متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کا ذریعہ بنے گا۔

متاثرین کے وکلاء ڈیوڈ بوئیس اور بریڈلی ایڈورڈز نے مشترکہ عدالتی دستاویز میں کہا ہے کہ یہ تصفیہ ان کے موکلین کے لیے بہترین آپشن ہے کیونکہ متاثرین کو طویل عرصے سے درپیش مشکلات کے پیش نظر فوری مالی امداد کی ضرورت ہے۔ عدالتی ریکارڈ کے مطابق وکلاء تصفیے کی رقم کا 30 فیصد یعنی تقریباً 21 اعشاریہ 8 ملین ڈالر بطور قانونی فیس حاصل کر سکتے ہیں۔ اس معاہدے کی حتمی منظوری جج جیڈ ریکوف دیں گے۔

گزشتہ سال اکتوبر میں جین ڈو کے فرضی نام سے دائر کیے گئے اس مقدمے میں الزام لگایا گیا تھا کہ امریکہ کے دوسرے بڑے بینک نے منافع کی خاطر ایپسٹین کی مشکوک مالیاتی سرگرمیوں کو نظر انداز کیا، حالانکہ اس کے جرائم کے بارے میں کافی معلومات موجود تھیں۔ بینک نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کیا تھا۔

جنوری میں جج ریکوف نے حکم دیا تھا کہ بینک آف امریکہ کو ان الزامات کا سامنا کرنا ہوگا کہ اس نے ایپسٹین کی جنسی اسمگلنگ سے جان بوجھ کر فائدہ اٹھایا اور وفاقی قوانین کی خلاف ورزی کی۔ اس مقدمے میں اپالو گلوبل مینجمنٹ کے شریک بانی لیون بلیک کی جانب سے ایپسٹین کو کی گئی ادائیگیاں بھی شامل تھیں۔ لیون بلیک نے کسی بھی قسم کی غلط کاری سے انکار کیا ہے۔

واضح رہے کہ متاثرین کے وکلاء اس سے قبل جے پی مورگن چیس کے ساتھ 290 ملین ڈالر اور ڈوئچے بینک کے ساتھ 75 ملین ڈالر کے تصفیے کر چکے ہیں۔ جیفری ایپسٹین جنسی اسمگلنگ کے مقدمے کا سامنا کرتے ہوئے اگست 2019 میں مین ہیٹن کی جیل میں مردہ پایا گیا تھا، جس کی موت کو طبی معائنہ کار نے خودکشی قرار دیا تھا۔

اہم خبریں

-Advertisement-

مزید خبریں

- Advertisement -