-Advertisement-

ڈونلڈ ٹرمپ کا ایران پر جوہری حملے کا امکان مسترد

تازہ ترین

امریکی فوجی پر خفیہ معلومات کے ذریعے نکولس مادورو کے خلاف شرط لگا کر 4 لاکھ ڈالر کمانے کا الزام

امریکی محکمہ انصاف نے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کی حکومت کے خاتمے اور فوجی کارروائی سے متعلق خفیہ...
-Advertisement-

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف جوہری ہتھیاروں کے استعمال کے امکان کو مسترد کر دیا ہے۔ وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کے خلاف ایٹمی طاقت کا استعمال کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے کیونکہ امریکہ روایتی جنگی ذرائع سے ہی انہیں شدید نقصان پہنچا چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی ملک کو جوہری ہتھیاروں کے استعمال کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔

اس سے قبل سات اپریل کو صدر ٹرمپ نے ایران کو دھمکی دی تھی کہ ایک پوری تہذیب کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے تاہم چند گھنٹوں بعد ہی انہوں نے جنگ بندی پر اتفاق کر لیا تھا۔ امریکی نائب صدر جے ڈی وانس نے بھی تنازع کے دوران ایران کو نئے ہتھیاروں کے استعمال کی دھمکی دی تھی تاہم وائٹ ہاؤس نے اس بات کی تردید کی تھی کہ وہ جوہری حملے کی بات کر رہے تھے۔

صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وہ ایران کو ایک ایسے جوہری پروگرام سے باز رکھنا چاہتے ہیں جو ان کے بقول امریکی شہروں یا مشرق وسطیٰ کے امن کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔ دوسری جانب ایران اپنے جوہری پروگرام کے پرامن ہونے کا دعویٰ کرتا ہے اور اقوام متحدہ کا جوہری ادارہ بھی اس بات کی تصدیق کر چکا ہے کہ جنگ سے قبل ایران کے پاس ایٹمی بم بنانے کی کوئی فوری تیاری نہیں تھی۔

امریکہ دنیا کا واحد ملک ہے جس نے دوسری جنگ عظیم کے دوران جاپان کے شہروں ہیروشیما اور ناگاساکی پر ایٹمی حملے کیے تھے جس کے نتیجے میں دو لاکھ چودہ ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اسرائیل کے پاس بھی جوہری ہتھیار موجود ہیں تاہم وہ باضابطہ طور پر اس کا اعتراف نہیں کرتا۔

صدر ٹرمپ کا یہ حالیہ بیان امریکی جوہری ڈاکٹرائن سے بظاہر متصادم دکھائی دیتا ہے جس میں ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال کا حق محفوظ رکھا گیا ہے۔ ماضی میں صدر ٹرمپ جوہری تجربات پر عائد امریکی پابندیوں کے خاتمے کا مطالبہ بھی کر چکے ہیں۔ سابق صدر براک اوباما نے جوہری ہتھیاروں سے پاک دنیا کا خواب دیکھا تھا تاہم ان کی انتظامیہ کا بھی یہی موقف رہا کہ جب تک یہ ہتھیار موجود ہیں، امریکی ایٹمی ذخیرہ ایک ڈیٹرنس کے طور پر کام کرتا رہے گا۔ امریکہ مسلسل ان مطالبات کو مسترد کرتا آیا ہے جن میں یہ مطالبہ کیا جاتا ہے کہ وہ پہلے ایٹمی ہتھیار استعمال نہ کرنے کا اعلان کرے۔

اہم خبریں

-Advertisement-

مزید خبریں

- Advertisement -