-Advertisement-

وزیراعلیٰ سندھ کا گل پلازہ متاثرین کے لیے 7 ارب روپے کے امدادی پیکیج کا اعلان

تازہ ترین

نادرا کی جانب سے تمام شہری خدمات کو ایک ہی پلیٹ فارم پر یکجا کرنے والی نئی ویب سائٹ کا اجرا

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کو جدید اور مربوط سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنی...
-Advertisement-

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گل پلازہ سانحہ کے متاثرین کے لیے 7 ارب روپے کے امدادی پیکیج کا اعلان کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اب تک 5 ارب 60 کروڑ روپے سے زائد فنڈز مختص کیے جا چکے ہیں، جن میں سے 51 کروڑ 10 لاکھ روپے کے چیکس 200 تصدیق شدہ متاثرین میں تقسیم کر دیے گئے ہیں۔

گزشتہ برس جنوری میں گل پلازہ میں لگنے والی خوفناک آگ کے نتیجے میں 70 سے زائد افراد جاں بحق اور سینکڑوں دکانیں خاکستر ہو گئی تھیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پہلے مرحلے میں 72 جاں بحق افراد کے ورثاء کے لیے فی کس ایک کروڑ روپے کا اعلان کیا گیا تھا، جن میں سے 64 خاندانوں کو ادائیگی مکمل ہو چکی ہے، جبکہ دیگر کیسز قانونی پیچیدگیوں اور تصدیق کے عمل میں ہیں۔

مراد علی شاہ نے مزید بتایا کہ دوسرے مرحلے میں 849 متاثرہ دکانداروں کو رمضان کے دوران 5 لاکھ روپے فی کس کی فوری امداد فراہم کی گئی تھی۔ کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اعداد و شمار کے مطابق گل پلازہ میں 1209 دکانیں موجود تھیں، جن کے نقصانات کے ازالے کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ گل پلازہ کی نئی عمارت دو سال کے اندر مکمل کر لی جائے گی۔

سانحے کی عدالتی تحقیقاتی رپورٹ پر بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ ذمہ داروں کے تعین کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، جس کی سفارشات اگلی صوبائی کابینہ میں پیش کی جائیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ رپورٹ میں نامزد تمام ذمہ داران کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے گی۔

تقریب کے دوران صدر آصف علی زرداری کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ ایک چینی کمپنی نے کراچی کا دورہ کر کے فائر فائٹنگ کا جامع منصوبہ تیار کیا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کو یقینی بنایا جا سکے۔

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے عظیم پورہ فلائی اوور کو 90 روز میں مکمل کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ شہر بھر میں سڑکوں کی تعمیر اور بحالی کے کاموں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اس موقع پر صوبائی وزراء، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور کراچی چیمبر کے نمائندگان سمیت بڑی تعداد میں متاثرین موجود تھے۔

اہم خبریں

-Advertisement-

مزید خبریں

- Advertisement -