ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ہفتے کے روز اسلام آباد میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے اہم ملاقاتیں کیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف اور نائب وزیراعظم نے آمد پر ایرانی وفد کا استقبال کیا۔
ملاقاتوں کے دوران مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال اور خطے میں رونما ہونے والی پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایرانی وفد میں نائب وزیر خارجہ اور ترجمان دفتر خارجہ بھی شامل تھے۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ عباس عراقچی آج وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کریں گے۔ اس سے قبل وہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے ساتھ تفصیلی مذاکرات کریں گے جس کے بعد وہ ان کے ہمراہ وزیراعظم ہاؤس جائیں گے۔
حکام کے مطابق ان ملاقاتوں کا مقصد مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے خاتمے کے لیے ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کی بحالی پر مشاورت کرنا ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ اپنے ہمراہ نئی تجاویز لائے ہیں جس سے تہران اور واشنگٹن کے مابین بات چیت کے دوبارہ آغاز کی توقعات بڑھ گئی ہیں۔
وائٹ ہاؤس نے تصدیق کی ہے کہ امریکی خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور مشیر جیرڈ کشنر ممکنہ مذاکرات کے سلسلے میں ہفتے کی صبح روانہ ہو رہے ہیں۔ یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب خطے میں سفارتی سرگرمیوں میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔
