-Advertisement-

پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے، عطا تارڑ

تازہ ترین

آسٹریلوی وزیر خارجہ کا دورہ جاپان، چین اور جنوبی کوریا: توانائی کی سکیورٹی پر بات چیت متوقع

آسٹریلیا کی وزیر خارجہ پینی وونگ رواں ہفتے جاپان، چین اور جنوبی کوریا کا دورہ کریں گی جس کا...
-Advertisement-

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بھارت دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے جبکہ پاکستان ہر محاذ پر اس لعنت کے خاتمے کے لیے برسرِ پیکار ہے۔

آپریشن بنیان مرصوص کی پہلی سالگرہ کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ پاکستان نے بھارت کی جانب سے عائد کردہ بے بنیاد الزامات کا دو ٹوک اور بھرپور جواب دیا ہے۔

عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پہلگام واقعے پر پاکستان کا موقف دنیا کے سامنے غیر مبہم انداز میں پیش کیا اور اس معاملے کی آزادانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ تحقیقات کی پیشکش کے بعد عالمی سطح پر پاکستان کے موقف کو پذیرائی ملی ہے۔

وفاقی وزیر نے وزیراعظم کے خطاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ الزام تراشی کا سلسلہ بند ہونا چاہیے، پاکستان دہشت گردی کے خلاف لڑ رہا ہے جبکہ بھارت اسے ہوا دے رہا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پاکستان میں دہشت گردی کی جڑیں بھارت سے ملتی ہیں اور پاکستان اس ناسور کے خلاف ایک مضبوط دیوار کی طرح کھڑا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت نہ تو دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتا ہے اور نہ ہی ان پر کسی قسم کے پچھتاوے کا اظہار کرتا ہے۔ عطا اللہ تارڑ نے تنقید کی کہ بھارت پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے، تاہم پاکستان کی مسلح افواج اور عوام کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

وزیر اطلاعات نے اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی پالیسی بالکل واضح ہے اور عالمی برادری کے سامنے ملک کا موقف نمایاں ہو کر سامنے آیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا دفاع پہلے سے کہیں زیادہ مستحکم ہے اور آج کوئی بھی ملک بھارت کے بیانیے کو تسلیم کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔

اہم خبریں

-Advertisement-

مزید خبریں

- Advertisement -