ایران میں جاری کشیدگی کے پیش نظر پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی کا سلسلہ ساٹھویں روز بھی جاری رہا۔ بدھ کے روز گبد رمدان بارڈر کے ذریعے مزید 12 پاکستانی شہری بخیریت وطن پہنچ گئے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق گبد رمدان بارڈر سے اب تک مجموعی طور پر 3 ہزار 368 پاکستانی شہری وطن واپس آ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ 28 فروری سے اب تک تفتان بارڈر کے راستے 10 ہزار 619 افراد پاکستان میں داخل ہوئے ہیں۔
سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ 28 فروری سے اب تک گبد رمدان اور تفتان بارڈر کے ذریعے وطن واپس آنے والے شہریوں کی کل تعداد 13 ہزار 987 تک پہنچ گئی ہے۔
وطن لوٹنے والوں میں طلبہ، سمندری جہازوں کے عملے کے ارکان، مزدور، تاجر اور زائرین شامل ہیں۔ حکام کی جانب سے واپس آنے والے تمام شہریوں کی امیگریشن، دستاویزات کی تصدیق اور کلیئرنس کا عمل بروقت یقینی بنایا جا رہا ہے۔
