محکمہ موسمیات کے ہیٹ ویو ارلی وارننگ سینٹر نے سندھ کے بالائی اور وسطی اضلاع کے لیے شدید گرمی کی لہر کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ موسمیاتی پیش گوئی کے مطابق صوبے کے بیشتر اضلاع بشمول کراچی میں موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ ہیٹ ویو کی موجودہ صورتحال 3 مئی 2026 تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس دوران جامشورو، دادو، شہید بینظیر آباد، کشمور، گھوٹکی، سانگھڑ، خیرپور، نوشہرو فیروز، جیکب آباد، لاڑکانہ اور سکھر کے اضلاع میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے عوام بالخصوص بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دن کے اوقات میں براہ راست دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور زیادہ سے زیادہ پانی کا استعمال یقینی بنائیں۔
کسانوں کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ گندم کی کٹائی سمیت زرعی امور کی انجام دہی کے دوران موسم کی شدت کو پیش نظر رکھیں اور اپنے مویشیوں کی دیکھ بھال کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
