-Advertisement-

آسٹریا: بچوں کی خوراک میں زہر ملانے کے الزام میں ایک شخص گرفتار

تازہ ترین

لاہور: زیر تعمیر پلازہ میں لفٹ گرنے سے دو مزدور جاں بحق

لاہور کے علاقے لبرٹی میں زیر تعمیر عمارت کی لفٹ گرنے سے دو مزدور جاں بحق ہو گئے۔ ریسکیو...
-Advertisement-

آسٹریا کی پولیس نے وسطی یورپ میں بچوں کی خوراک کے جار میں چوہے مار زہر ملانے کے الزام میں 39 سالہ مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق اس واقعے کے بعد سے علاقے میں شدید تشویش پائی جاتی تھی۔

برگن لینڈ اسٹیٹ کرمنل پولیس آفس نے بتایا کہ تحقیقات کا آغاز 18 اپریل کو آئزن اسٹیڈ شہر کے ایک سپر مارکیٹ سے خریدے گئے بچوں کی خوراک کے جار میں زہر ملنے کے بعد کیا گیا تھا۔ استغاثہ نے مشتبہ شخص کے خلاف عوامی تحفظ کو جان بوجھ کر خطرے میں ڈالنے کے الزام میں کارروائی شروع کر دی ہے۔

آسٹریا کی پریس ایجنسی کے مطابق زہر کے مہلک ہونے سے متعلق ماہرین کی رپورٹ تاحال آنا باقی ہے، تاہم حکام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے پانچ مشکوک جار قبضے میں لے لیے تھے جنہیں استعمال نہیں کیا گیا۔

بچوں کی خوراک بنانے والی کمپنی ہپ نے اپنے بیان میں گرفتاری پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ بھتہ خوری کا شکار ہوئی ہے اور ایک نامعلوم شخص نے انہیں دھمکی آمیز پیغام بھیجا تھا جس کے بعد فوری طور پر پولیس کو مطلع کر دیا گیا تھا۔

کمپنی نے واضح کیا ہے کہ یہ واقعہ ان کی مصنوعات کے معیار میں خرابی نہیں بلکہ تخریب کاری کا نتیجہ ہے اور تمام جار فیکٹری سے مکمل محفوظ حالت میں روانہ کیے گئے تھے۔

احتیاطی تدبیر کے طور پر کمپنی نے آسٹریا، سلوواکیہ اور جمہوریہ چیک میں اپنے مصنوعات کی واپسی کا عمل شروع کیا تھا۔ آسٹریا میں اسپار، یورواسپار اور انٹرسپار سمیت دیگر اسٹورز سے بچوں کی خوراک کے جار فوری طور پر ہٹا دیے گئے تھے۔

پولیس نے بتایا کہ واقعے کا انکشاف اس وقت ہوا جب ایک گاہک نے جار میں تبدیلی محسوس کی اور رپورٹ کر دی۔ خوش قسمتی سے اس زہریلی خوراک کو کسی بھی بچے نے استعمال نہیں کیا۔ مشتبہ شخص سے تفتیش کا عمل جاری ہے اور مزید تفصیلات تحقیقات مکمل ہونے پر فراہم کی جائیں گی۔

اہم خبریں

-Advertisement-

مزید خبریں

- Advertisement -