ماسکو میں روسی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ صدر ولادیمیر پیوٹن نے دوسری جنگ عظیم میں نازی جرمنی کی شکست کی سالگرہ کے موقع پر یوکرین کے ساتھ تنازع میں آٹھ اور نو مئی کو دو روزہ جنگ بندی کا حکم دیا ہے۔
روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ انہیں توقع ہے کہ یوکرینی فریق بھی اس فیصلے کی پیروی کرے گا۔ بیان میں سخت انتباہ جاری کیا گیا ہے کہ اگر یوکرین نے یوم فتح کی تقریبات میں خلل ڈالنے کی کوشش کی تو روس کیف کے مرکز پر بڑے پیمانے پر جوابی میزائل حملہ کرے گا۔
وزارت دفاع نے مزید کہا کہ روس کے پاس وسیع صلاحیتیں موجود ہیں لیکن اب تک انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ایسی کارروائیوں سے گریز کیا گیا ہے۔ تاہم اب روس جنگ بندی کا احترام نہ کیے جانے کی صورت میں سخت ایکشن لینے کے لیے تیار ہے۔
روسی حکام نے کیف کی شہری آبادی اور غیر ملکی سفارتی مشنز کے عملے کو متنبہ کیا ہے کہ وہ بروقت شہر چھوڑ دیں۔
