اسلام آباد میں پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس اختتام پذیر ہو گئی ہے جس کی صدارت سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے کی۔ کانفرنس میں پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور فیلڈ کمانڈرز نے شرکت کی اور آپریشنل تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سمندری حدود میں روایتی اور غیر روایتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت جنگی تیاری ناگزیر ہے۔ انہوں نے مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں بحری امور میں ابھرتے ہوئے خطرات کا ذکر کرتے ہوئے جہاز رانی کی آزادی اور اہم سمندری گزرگاہوں میں ممکنہ رکاوٹوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
نیول چیف نے جدید ترین ٹیکنالوجیز کے حصول کو پاک بحریہ کے لیے اسٹریٹجک ضرورت قرار دیا۔ انہوں نے خطے میں امن، استحکام اور بحری سلامتی کے قیام میں پاک بحریہ کے کلیدی کردار پر زور دیا۔
کانفرنس کے دوران مئی 2025 کے تنازعے کے دوران دی گئی قربانیوں کی یاد میں معرکہ حق کی پہلی سالگرہ بھی منائی گئی۔ ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ یہ تاریخی کامیابی قومی اتحاد اور بیرونی جارحیت کا آہنی ہاتھوں سے جواب دینے کے غیر متزلزل عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
فورم نے بحری جنگ کے مختلف شعبوں میں آپریشنل تیاریوں کو بہتر بنانے کے لیے حکمت عملیوں پر غور کیا۔ کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس پاک بحریہ کا اعلیٰ ترین فیصلہ ساز ادارہ ہے جہاں اسٹریٹجک ترجیحات اور پالیسیوں کا تعین کیا جاتا ہے۔
