وزیراعظم شہباز شریف 23 مئی کو چین کے سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے۔ ہفتے کے روز ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ وزیراعظم کا یہ دورہ 23 مئی سے 25 مئی تک جاری رہے گا۔
اپنے دورے کے دوران وزیراعظم چین کے صدر شی جن پنگ اور چینی وزیراعظم کے ساتھ اہم ملاقاتیں کریں گے۔ موجودہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں یہ دورہ انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔
اس اہم دورے میں امریکا اور ایران کے مابین جاری کشیدگی اور اس کے مضمرات پر مشاورت بھی ایجنڈے کا حصہ ہوگی۔ اس کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے مختلف معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط متوقع ہیں۔
وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی کابینہ کے وزراء اور اعلیٰ حکام کا ایک وفد بھی چین جائے گا۔ وزیراعظم اپنے دورے کے دوران پاک چین دوستی کی 75 ویں سالگرہ کی تقریبات میں بھی شرکت کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس دورے کا بنیادی مقصد بدلتے ہوئے علاقائی چیلنجز کے تناظر میں دونوں ممالک کے درمیان تزویراتی تعلقات کو مزید گہرا اور دوطرفہ تعاون کو مستحکم بنانا ہے۔
