ضلع لکی مروت کی تحصیل سرائے نورنگ میں ہونے والے ایک دھماکے کے نتیجے میں آٹھ افراد ہلاک اور اٹھارہ سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔
ریسکیو 1122 کے مطابق واقعہ منگل کے روز سرائے نورنگ کے نورنگ بازار میں پیش آیا جہاں ایک رکشے کے قریب زوردار دھماکہ ہوا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں اور ایمبولینسیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر روانہ کر دی گئیں۔
ہسپتال انتظامیہ نے دھماکے میں سات افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ لاشوں کو نورنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق زخمیوں کی تعداد اٹھارہ سے زائد ہے جنہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان شاہداب خان کا کہنا ہے کہ امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت کے بارے میں تاحال کوئی حتمی تصدیق نہیں کی جا سکی ہے اور مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
