صوبائی وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے خیرپور میں پیپلز بس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی اور سندھ حکومت کے درمیان کسی قسم کا کوئی اختلاف نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے شاندار کارکردگی کے باوجود تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے، تاہم بلاول بھٹو زرداری نے مشکل ترین حالات میں بھی پاکستان کا بھرپور دفاع کیا ہے۔
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ سندھ حکومت نے پورے صوبے میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبے مکمل کیے ہیں اور یہ امر خوش آئند ہے کہ دیگر صوبوں میں بھی ترقیاتی کام ہو رہے ہیں۔ صوبائی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ پورے پاکستان سے لوگ مفت طبی سہولیات کے حصول کے لیے کراچی کا رخ کرتے ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ سندھ حکومت صوبے بھر میں جدید ٹرانسپورٹ کی سہولیات کی فراہمی کے اپنے مشن کو جاری رکھے گی۔
