-Advertisement-

امریکی زمینی کارروائی پر ایرانی فوج کا امریکی دستوں کو ‘آگ لگانے’ کی دھمکی

تازہ ترین

خواتین میں منشیات کی لت: ایک خاموش مگر سنگین سماجی بحران

حیات ری ہیب کلینک کے سی ای او اور کلینیکل ماہر نفسیات ڈاکٹر شمشیر حیات نے انتباہ کیا ہے...
-Advertisement-

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے امریکہ کو خبردار کیا ہے کہ اگر امریکی افواج نے زمینی کارروائی کی تو انہیں عبرتناک انجام کا سامنا کرنا پڑے گا۔ سرکاری میڈیا کے مطابق قالیباف نے دھمکی دی ہے کہ زمینی حملے کی صورت میں امریکی فوجیوں کو آگ لگا دی جائے گی اور ان کے علاقائی اتحادیوں کے خلاف حملوں میں شدت لائی جائے گی۔

قالیباف نے مزید کہا کہ ایرانی فورسز امریکی فوج کی آمد کی منتظر ہیں تاکہ انہیں اور ان کے اتحادیوں کو ہمیشہ کے لیے سزا دی جا سکے۔ انہوں نے باور کرایا کہ ایرانی میزائل تنصیبات تیار ہیں اور ان کا عزم و ایمان پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہے۔

امریکہ کی جانب سے پاکستان کے ذریعے ایران کو بھجوائے گئے پندرہ نکاتی منصوبے کو ایرانی اسپیکر نے واشنگٹن کی خواہشات قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ طاقت کے ذریعے ناکامی کے بعد اب سفارتی حربوں سے مقاصد حاصل کرنا چاہتی ہے، تاہم ایران ہرگز ذلت قبول نہیں کرے گا۔

ادھر ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دھمکی دی ہے کہ اگر امریکہ نے ایران کی یونیورسٹیوں پر بمباری کی مذمت نہ کی تو خطے میں موجود امریکی اور اسرائیلی تعلیمی ادارے ان کے جائز اہداف ہوں گے۔ پاسدارانِ انقلاب نے پیر 30 مارچ کی دوپہر بارہ بجے تک کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان اداروں کو فوری خالی کر دیا جائے اور عملہ کم از کم ایک کلومیٹر دور رہے۔

اسرائیلی فوج نے حال ہی میں ایران کی ان یونیورسٹیوں اور تحقیقی مراکز کو نشانہ بنانے کا اعتراف کیا ہے جن کے بارے میں ان کا دعویٰ ہے کہ وہ ہتھیاروں کی تیاری سے منسلک ہیں۔ اس کشیدہ صورتحال کے پیش نظر قطر اور متحدہ عرب امارات میں قائم امریکی یونیورسٹیوں کیمپسز کے حوالے سے بھی خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔

امریکن یونیورسٹی آف بیروت نے احتیاطی تدابیر کے طور پر اگلے دو روز کے لیے تعلیمی سرگرمیاں آن لائن منتقل کر دی ہیں۔ یونیورسٹی کے صدر فادلو خوری نے بیان میں کہا ہے کہ کسی براہ راست خطرے کے ثبوت نہیں ملے، تاہم طلبہ اور عملے کی حفاظت ان کی اولین ترجیح ہے۔

بغداد میں امریکی سفارت خانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک بیان میں خبردار کیا ہے کہ ایران اور اس کے حامی ملیشیا گروہ عراق میں امریکی یونیورسٹیوں کو نشانہ بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ سفارت خانے نے مزید کہا کہ عراقی حکومت اپنی سرزمین سے ہونے والے حملوں کو روکنے میں ناکام رہی ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ ایران کی جانب سے امریکی اور اسرائیلی یونیورسٹیوں کو براہ راست نشانہ بنانے کی دھمکی دی گئی ہے۔

اہم خبریں

-Advertisement-

مزید خبریں

- Advertisement -