شمالی افریقی ملک مراکش میں سالانہ کثیر القومی فوجی مشقوں کے دوران امریکی فوج کے دو اہلکار لاپتہ ہو گئے ہیں۔ امریکی افریقی کمان کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق لاپتہ ہونے والے اہلکاروں کی تلاش کے لیے وسیع پیمانے پر ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
یہ واقعہ دو مئی کو بحر اوقیانوس کے ساحل کے قریب تن تن کے علاقے میں واقع کیپ ڈرا ٹریننگ ایریا میں پیش آیا۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں جبکہ لاپتہ اہلکاروں کی بازیابی کے لیے امریکی اور مراکشی افواج سمیت دیگر اتحادی ممالک مل کر کام کر رہے ہیں۔
افریقی لائن نامی یہ فوجی مشقیں اپریل میں شروع ہوئی تھیں اور ان کا اختتام مئی کے اوائل میں ہونا تھا۔ یہ براعظم افریقہ میں ہونے والی سب سے بڑی سالانہ مشترکہ فوجی مشقیں سمجھی جاتی ہیں جن میں امریکہ اور اس کے اہم افریقی اتحادی ممالک کے اعلیٰ عسکری حکام شرکت کرتے ہیں۔
امریکی عسکری حکام کے مطابق ان مشقوں کا بنیادی مقصد علاقائی سلامتی میں تعاون کو فروغ دینا اور عالمی بحرانوں سے نمٹنے کے لیے شریک افواج کی تیاریوں کو بہتر بنانا ہے۔
