انڈیا کی ریاست تمل ناڈو میں انڈین فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا ہے جس میں انڈین چیف آف ڈیفنس جنرل بپن راوت بھی سوار تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر میں 14 افراد سوار تھے جن میں جنرل راوت، ان کی اہلیہ، دفاعی معاون، سیکورٹی کمانڈوز اور ایک آئی اے ایف پائلٹ شامل تھا۔
اب تک اس حادثے میں چار افراد کی ہلاکت اور متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں تاہم ان افراد کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔
یہ حادثہ ریاست تمل ناڈو کے علاقے کنور میں پیش آیا اور جائے حادثہ سے موصول ہونے والی ویڈیوز میں جائے وقوعہ سے آگ کے شعلے اٹھتے دیکھے جا سکتے ہیں۔
بچائے گئےافراد کو ضلع نیلگیرس کے ویلنگٹن چھاؤنی کے اسپتال لے جایا گیا ہے۔
ایم آئی سیریز کے ہیلی کاپٹر نے سلور میں فوجی اڈے سے اڑان بھرنے کے بعد نیلگیرس میں یہ حادثہ پیش آیا۔ ہیلی کاپٹر ویلنگٹن ڈیفنس اسٹیبلشمنٹ کی طرف جا رہا تھا۔
بھارتی فضائیہ نے حادثے کی فوری تحقیقات کا حکم دیا ہے۔