ایکسپو سینٹر کراچی میں ای کامرس گیٹ وے کے زیر انتظام تیسری سہہ روزہ بین القوامی کنزیومر پروڈکٹ نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے انڈونیشیا کے قونصل جنرل ڈاکٹر جون کنکورو ہادی ننگرات نے کہا کہ کووڈ وباء کے بعد کراچی میں بین القوامی کنزیومر پراڈکٹ نمائش کا انعقاد دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کے مزید فروغ کا ذریعہ ہے۔
انڈونیشیا کے قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں عنقریب بڑا مینوفیکچرنگ سیٹ اپ لگایا جائے گا جس سے مقامی روزگار کے مواقع پیدا ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ نمائش میں ہم نے انڈونیشیا کا مارشل آرٹ متعارف کروایا ہے جسے ہالی ووڈ کی فلموں میں دکھایا جاتا ہے، اس آرٹ کو پاکستان میں بھی روشناس کیا جائے گا۔
ڈاکٹر جون کنکورو ہادی ننگرات نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ آزادانہ تجارت کے معاہدے پر انڈونیشیا کی جانب سے کام مکمل ہوچکا ہے اور اب پاکستان حکومت نے اپنا کام کرنا ہے۔
نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے کراچی میں مقیم ایران کے قونصل جنرل حسن نوریان نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ تجارتی روابط کیلئے کوشاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں معاشی ترقی کیلئے امن بنیادی جز ہے۔ حس نوریان نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ روس اور یوکرین کے درمیان معاملہ مفاہمت سے حل ہوگا۔
ای کامرس گیٹ وے پاکستان کے تحت تیسری سہہ روزہ کنزیومر پروڈکٹ نمائش میں پاکستان، انڈونیشیا اور ایران کے 150سے زائد معروف برانڈز مشتہر کئے گئے ہیں جن میں بیوٹی، کھلونے، آفس اسٹیشنری، فوڈ اینڈ بیوریجز اور دیگر اشیاء شامل ہیں۔
نمائش کے پہلے روز این سی او سی کے وضع کردہ احکامات کے تحت عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
نمائش اتوار 27 فروری تک ایکسپو سینٹر کراچی میں جاری رہے گی۔