پولینڈ کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ راڈوسلا سیکورسکی نے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے ایران اور امریکہ کے مابین جنگ بندی کے قیام میں اسلام آباد کے کلیدی کردار کی تعریف کی ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کو پولش ہم منصب کا ٹیلی فون موصول ہوا۔ گفتگو کے دوران پولینڈ کے وزیر خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی مسلسل وابستگی اور مذاکرات پر مبنی سفارتکاری کو خراج تحسین پیش کیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور پولینڈ کے مابین تعلقات میں آنے والی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی صورتحال اور عالمی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
واضح رہے کہ اٹھائیس فروری کو امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر مشترکہ حملوں کے بعد کشیدگی میں اضافہ ہوا تھا جس کے جواب میں تہران نے بھی جوابی کارروائیاں کی تھیں۔ آٹھ اپریل کو پاکستان کی ثالثی کے بعد دو ہفتوں کی جنگ بندی عمل میں آئی تھی۔
پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے مذاکرات انیس اناسی کے اسلامی انقلاب کے بعد امریکہ اور ایران کے درمیان اعلیٰ ترین سطح کا رابطہ تھے، جو گزشتہ ہفتے کسی حتمی معاہدے کے بغیر اختتام پذیر ہوئے تاہم جنگ بندی تاحال برقرار ہے۔ آئندہ ہفتے اسلام آباد میں مذاکرات کے دوسرے اور حتمی دور کے انعقاد کی توقع ہے، تاہم کسی بھی فریق کی جانب سے تاریخ کا باضابطہ اعلان تاحال نہیں کیا گیا ہے۔
