جاپان میں ایک منفرد لانڈری سروس پرانے اور خستہ حال کھلونوں کو نئی زندگی دینے میں مصروف ہے، جس نے دنیا بھر کے صارفین کی توجہ اپنی جانب مبذول کروا لی ہے۔ یاماناشی کے شہر فیوفوکی میں واقع کلیننگ یونماروسان نامی ادارے میں ماہرین برسوں پرانے ٹیڈی بیئرز اور دیگر نرم کھلونوں کی ایسی صفائی کرتے ہیں جیسے کسی نومولود کی دیکھ بھال کی جا رہی ہو۔
تین دہائیوں کا تجربہ رکھنے والے پیشہ ور کلینر ماساکازو شیمورا کھلونوں کی صفائی کے عمل کو ایک فن سمجھتے ہیں۔ وہ کپڑوں اور خیموں کی صفائی میں مہارت رکھنے کے بعد اب کھلونوں کی نازک بناوٹ کو بحال کرنے میں مصروف ہیں۔ شیمورا کا کہنا ہے کہ ہاتھ سے دھلائی کے دوران وہ کپڑے کی نوعیت اور حالت کو محسوس کرتے ہوئے انتہائی نرمی سے مساج کرتے ہیں تاکہ کھلونے کو نقصان نہ پہنچے۔
سوشل میڈیا پر اس مہارت کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد اس سروس کی مقبولیت میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ ادارے کے اعداد و شمار کے مطابق ایک دہائی قبل یہاں سالانہ بارہ سو کھلونے صاف کیے جاتے تھے، جن کی تعداد اب بڑھ کر دس ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ نوجوان نسل میں کھلونوں کے بڑھتے ہوئے رجحان کے باعث اب غیر ملکی سیاح بھی خصوصی طور پر اپنے کھلونوں کو صاف کروانے کے لیے جاپان کا سفر کر رہے ہیں۔
ادارے کی پبلک ریلیشنز مینیجر ہساکو موری کے مطابق کئی سیاح اپنے کھلونے یہاں چھوڑ کر جاپان کی سیر کرتے ہیں اور واپسی پر اپنے صاف ستھرے کھلونے ساتھ لے جاتے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ شیمورا اپنے گاہکوں کی جذباتی وابستگی کا بھی پورا خیال رکھتے ہیں۔ اگر کوئی گاہک کھلونے پر موجود پرانے نشانات یا خراشیں برقرار رکھنا چاہے تو ان کا احترام کیا جاتا ہے کیونکہ یہ نشانات ان کی قیمتی یادوں کا حصہ ہوتے ہیں۔
ماساکازو شیمورا کے مطابق کھلونے محض اشیاء نہیں بلکہ ان کے مالکان کے لیے خاندان کے افراد کی حیثیت رکھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اس کام میں ذرا سی غفلت کی گنجائش نہیں ہوتی۔ جب گاہک اپنے کھلونوں کو نئی حالت میں دیکھ کر خوش ہوتے ہیں تو یہی لمحہ ان کے لیے سب سے بڑی کامیابی اور اطمینان کا باعث بنتا ہے۔
