کراچی کے مصروف ترین شاہراہ فیصل پر ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے لیے حکام نے گاڑیوں کی رفتار کی حد میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ نوٹیفکیشن کے مطابق شاہراہ فیصل پر کاروں اور موٹر سائیکلوں کے لیے رفتار کی حد 70 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کر دی گئی ہے۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ بھاری گاڑیوں کے لیے رفتار کی حد میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے اور وہ بدستور 30 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے کی پابند ہوں گی۔
اس سے قبل گزشتہ برس نومبر میں کراچی کی اہم شاہراہوں پر کاروں اور موٹر سائیکلوں کے لیے رفتار کی حد 60 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کی گئی تھی جبکہ شہر بھر میں ہیوی ٹریفک کے لیے 30 کلومیٹر فی گھنٹہ کی حد نافذ تھی۔
نئے احکامات کا مقصد شہر کی سب سے اہم شاہراہ پر ٹریفک کے بہاؤ کو منظم بنانا اور حادثات کی روک تھام کو یقینی بنانا ہے۔
