وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر گلگت پہنچ گئے ہیں۔ دورے کے دوران وزیراعظم نے گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ اور نگران وزیراعلیٰ یار محمد سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
ملاقاتوں میں گلگت بلتستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت، خطے کی مجموعی امن و امان کی صورتحال اور انتظامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم کی آمد پر گورنر اور نگران وزیراعلیٰ نے ان کا استقبال کیا۔
وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزراء احسن اقبال، سردار اویس احمد خان لغاری، عطا اللہ تارڑ، امیر مقام، عبدالعلیم خان، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، مشیر وزیراعظم رانا ثناء اللہ اور معاون خصوصی طلحہ برکی بھی موجود ہیں۔
اپنے دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف گلگت بلتستان کے لیے سولر پاور اور سیف سٹی منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔ اس کے علاوہ لیپ ٹاپ سکیم، یوتھ بزنس اور زرعی قرضہ جات کی سکیموں کا اجرا بھی کیا جائے گا۔ وزیراعظم خطے میں چار دانش سکولوں کے قیام کے لیے سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔
