راولپنڈی میں پاک فوج نے معرکہ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر ایک خصوصی دستاویزی فلم جاری کی ہے جس میں ملکی دفاعی صلاحیتوں کو اجاگر کیا گیا ہے۔ اس دستاویزی فلم میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان نے ایک مربوط ملٹی ڈومین آپریشن کے ذریعے دنیا کو اپنی پیشہ ورانہ مہارت سے حیران کر دیا۔
دستاویزی فلم کے مطابق پاکستان نے بری، بحری، فضائی، سائبر، خلائی اور الیکٹرانک جنگی محاذوں پر ہم آہنگی کا شاندار مظاہرہ کیا۔ بھارت کی جانب سے معرکہ حق میں اشتعال انگیزی کے جواب میں پاکستان نے بھرپور جوابی کارروائی کی، جس میں جدید ڈرونز کے ذریعے حساس علاقوں کی مسلسل نگرانی کو یقینی بنایا گیا۔
فضائی محاذ پر پاک فضائیہ کے شاہینوں نے بروقت اور مؤثر حکمت عملی سے دشمن کے عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ بحری سرحدوں پر پاک بحریہ کی جدید آبدوزوں اور ہتھیاروں کی موجودگی کے باعث دشمن کو پیش قدمی کی جرات نہ ہو سکی۔
آپریشن بنیان مرصوص کے دوران مربوط کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم نے تینوں مسلح افواج کے درمیان فوری اور موثر رابطے کو ممکن بنایا۔ پاکستان نے اپنی سائبر، خلائی، معلوماتی اور الیکٹرانک جنگی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے دشمن کے مواصلاتی نظام کو مکمل طور پر مفلوج کر دیا۔
سفارتی اور عسکری سطح پر بہترین ہم آہنگی نے پاکستان کی مجموعی جنگی حکمت عملی کو کامیاب بنایا۔ مسلح افواج کی پیشہ ورانہ تیاری اور کثیر الجہتی آپریشنل صلاحیتوں نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنا دیا ہے۔
