صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب نے صوبے کے مختلف اضلاع میں 10 مئی سے 12 مئی تک آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیش گوئی کر دی ہے۔ محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق اتوار کی شام سے موسم کی صورتحال غیر مستحکم ہونے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، جہلم، چکوال اور گوجرانوالہ میں متوقع ہے۔ اس کے علاوہ سرگودھا، میانوالی، شیخوپورہ، گجرات، خوشاب اور منڈی بہاؤالدین کے علاقوں میں بھی بادل برسیں گے۔
لاہور، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، جھنگ اور ڈیرہ غازی خان سمیت گردونواح کے علاقوں میں بھی موسلا دھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے ان علاقوں میں الرٹ جاری کر دیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر صوبہ بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ شدید موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ طوفان اور تیز بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنا شہریوں کی حفاظت کے لیے ناگزیر ہے۔
