-Advertisement-

وزیراعظم شہباز شریف کا معرکہ حق کی پہلی سالگرہ پر مسلح افواج کے تاریخی ردعمل کو خراجِ تحسین

تازہ ترین

مراکش میں تربیتی مشق کے دوران لاپتہ ہونے والے امریکی فوجی کی لاش برآمد

امریکی فوج نے تصدیق کی ہے کہ مراکش میں سالانہ تربیتی مشقوں کے دوران لاپتہ ہونے والے امریکی فوجی...
-Advertisement-

وزیراعظم شہباز شریف نے معرکہ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر مسلح افواج کی تاریخی جوابی کارروائی کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔ اسلام آباد میں پاکستان مونومنٹ پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ برس پہلگام کے المناک واقعے کے بعد بھارت نے پاکستان پر بے بنیاد الزامات عائد کیے، جبکہ اسلام آباد نے شفاف تحقیقات کی پیشکش کی تھی۔

وزیراعظم نے کہا کہ بزدل دشمن نے اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مساجد، معصوم بچوں اور شہریوں کو نشانہ بنا کر غیر اعلانیہ جنگ مسلط کی۔ تاہم ہماری بہادر افواج نے اس کا منہ توڑ جواب دیا۔ وزیراعظم نے فخر کا اظہار کیا کہ جب ہمارے شاہینوں نے دشمن پر جھپٹا مارا تو دشمن کے ہوش ٹھکانے آ گئے اور ہمارے فتح میزائلوں نے بھارتی فضائی دفاعی نظام کو تہس نہس کر دیا۔

وزیراعظم نے اعلان کیا کہ 10 مئی کو ہر سال یومِ معرکہ حق کے طور پر قومی جوش و جذبے سے منایا جائے گا۔ انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت کو سنہری الفاظ میں یاد کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ ان کی حکمت عملی کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ مہارت کو بھی سراہا جس نے دشمن کو پسپا ہونے پر مجبور کیا۔

وزیراعظم نے اس موقع پر عالمی برادری کی حمایت کا ذکر کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کردار کو تاریخی قرار دیا جس نے خطے کو ایٹمی جنگ کے ہولناک نتائج سے بچایا۔ انہوں نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، ترک صدر رجب طیب اردگان اور چینی قیادت بالخصوص صدر شی جن پنگ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے پاکستان کے موقف کی غیر متزلزل حمایت کی۔

ایرانی تنازع پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے لیے مخلصانہ کوششیں کر رہا ہے اور 1979 کے بعد پہلی بار دونوں فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے فیلڈ مارشل کے حوالے سے بتایا کہ ایران کا مثبت جواب موصول ہو چکا ہے۔

مقبوضہ کشمیر اور غزہ کے عوام کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ان کے حقِ خودارادیت کے لیے اپنی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے فتنہ الخوارج اور فتنہ ہندوستان کے خلاف جاری آپریشنز میں جام شہادت نوش کرنے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن کا دفاع ہماری اولین ترجیح ہے۔

تقریب میں صدر آصف علی زرداری، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف، وفاقی وزرا اور شہدا کے لواحقین نے شرکت کی۔

اہم خبریں

-Advertisement-

مزید خبریں

- Advertisement -