امریکی محکمہ خارجہ نے منگل کے روز بھارت میں قائم آن لائن فارمیسی کے ایس انٹرنیشنل ٹریڈرز سے منسلک 13 افراد پر ویزا پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ ان افراد پر الزام ہے کہ وہ فینٹانائل نامی مہلک نشہ آور مواد سے تیار کردہ جعلی ادویات کی تقسیم میں ملوث ہیں۔
محکمہ خارجہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق یہ افراد کے ایس انٹرنیشنل ٹریڈرز اور اس کے مالک کے قریبی ساتھی ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت میں قائم ان آن لائن فارمیسیوں نے لاکھوں کی تعداد میں جعلی گولیاں فروخت کیں جن میں غیر قانونی فینٹانائل شامل تھا اور یہ گولیاں امریکہ بھر میں لاعلم شہریوں کو فراہم کی گئیں۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ کے ایس انٹرنیشنل ٹریڈرز نے فینٹانائل کی اسمگلنگ کے ذریعے بھاری منافع کمایا۔ اس حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پہلے ہی فینٹانائل کو اجتماعی تباہی کا ہتھیار قرار دے چکے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ اقدام غیر قانونی منشیات کے نیٹ ورکس کو ختم کرنے کے لیے امریکہ اور بھارت کے مشترکہ عزم کا اعادہ ہے۔ امریکی حکومت نے واضح کیا ہے کہ جو بھی افراد امریکی شہریوں کو زہر دینے کے اس عمل میں ملوث پائے گئے، انہیں امریکہ میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
