لاہور ہائی کورٹ نے نو مئی کے مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق رکن صوبائی اسمبلی جنید افضل ساہی کی سزا معطل کرتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم دے دیا ہے۔ عدالت نے اسی کیس میں نامزد شریک ملزم فردوس رائے کی درخواست ضمانت مسترد کر دی ہے۔
جسٹس شہباز رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے محفوظ شدہ فیصلہ سنایا۔ عدالت نے جنید افضل ساہی کی سزا معطلی کی استدعا منظور کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر جیل سے رہا کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
فیصل آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے نو مئی کے واقعات سے متعلق مقدمات میں جنید افضل ساہی کو تین سال قید کی سزا سنائی تھی۔ اسی کیس میں شریک ملزم فردوس رائے کو دس سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
عدالت نے فردوس رائے کی سزا معطلی کی درخواست کو مسترد کر دیا ہے جس کے بعد ان کی سزا تاحال برقرار رہے گی۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا جو آج سنایا گیا۔
