پاکستان ہائی کمیشن کینیڈا نے کینیڈین حکام کو کنیڈا کی مردم شماری 2021 میں اردو زبان کو بطور انفرادی قومی زبان شامل کیے جانے اور مادری بولی کے خانے میں پنجابی شاہ مکھی اور پنجابی گورمکھی کو علیحدہ زبانوں کے طور پر اندراج کی درخواست کی ہے۔
پاکستان ہائی کمیشن کے ایک اعلامیہ کے مطابق کینیڈا میں مقیم پاکستانی کینیڈین شہریوں کی تنظیموں کی جانب سے توجہ دلائے جانے پر پاکستان ہائی کمیشن نے متعلقہ کینیڈین حکام کو ایک خط کے ذریعے اردو زبان کو کینیڈین مردم شماری میں انفرادی قومی زبانوں کی فہرست میں شامل کرنے کی درخواست کی ہے تاکہ کینیڈا میں آباد پاکستانی کینیڈین شہریوں کے قیمتی ثقافتی ورثہ کی پہچان اور ترویج ہو سکے۔خط میں کینیڈین حکام کو باور کرایا گیا ہے کہ اردو پاکستان کی قومی زبان ہے اور پاکستان کے متنوع ثقافتی قومی منظر نامے میں رابطے اور ہم آہنگی کے مضبوط ذریعے کے طور پر اپنا بھر پور کردار ادا کر رہی ہے۔
پاکستان ہائی کمیشن کینیڈا نے خط میں کینیڈین حکام کو مستقبل میں حوالہ جات اور مردم شماری میں ما ں بولی کے طور پر پنجابی شاہ مکھی اور پنجابی گورمکھی کے علیحدہ زبانوں کے طور پر اندراج کی بھی درخواست کی ہے کیونکہ ان دونوں زبانوں کو اردو اور ہندی کی طرح علیحدہ رسم الخط میں لکھا جاتا ہے جبکہ کینیڈین مردم شماری میں اس اہم فرق کو تسلیم نہیں کیا گیا ہے اور محض پنجابی گورمکھی میڈیا اور متن کی ترویج و اشاعت کے لیے ہی وسائل مختص کیے جاتے ہیں۔