کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کی منیجنگ کمیٹی نے متفقہ طور پر محمد ادریس کو 2021-22 کے لیے کے سی سی آئی کا صدر منتخب کیا ہے۔
جمعرات کو ہونے والے اجلاس میں عبدالرحمان نقی سینئر نائب صدر اور قاضی زاہد حسین نائب صدر منتخب ہوگئے۔
محمد ادریس جو دو دہائیوں سے زیادہ عرصے سے بی ایم جی سے وابستہ ہیں انہوں نے2013-14 میں کے سی سی آئی کے نائب صدر اور 2009 سے 2015 تک کراچی الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن (کیڈا) کے صدر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں اوروہ وزارت میری ٹائم افیئرز اور سندھ آئی ٹی بورڈ کی کمیٹی کے رکن کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
چیئرمین بی ایم جی و سابق صدر کے سی سی آئی زبیر موتی والا، وائس چیئر مین بی ایم جی و سابق صدور کے سی سی آئی طاہر خالق، ہارون فاروقی، انجم نثار، جاوید بلوانی اور جنرل سیکرٹری اے کیو خلیل نے نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد دی ہے۔
نو منتخب صدر محمد ادریس نے ہیڈ لائن کو بتایا کہ ماضی کے صدور کی طرح ان کے ذمہ بھی تاجروں اور صنعتوں کے حوالے سے کئی اہداف مقرر ہیں جن کی تکمیل کیلئے ہماری نئی ٹیم بھرپور کوششیں کرے گی