پاکستان بحریہ نے شمالی بحیرہ عرب میں ایک ہنگامی کارروائی کے دوران تباہ حال تجارتی جہاز پر سوار اٹھارہ رکنی عملے کو بحفاظت بچا لیا ہے۔ حکام کے مطابق ریسکیو کیے جانے والوں میں متعدد غیر ملکی شہری بھی شامل ہیں۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق امدادی کارروائی کا آغاز اس وقت ہوا جب ایم وی گولڈ آٹم نامی جہاز کی جانب سے مدد کی اپیل موصول ہوئی۔ یہ جہاز پاکستانی ساحل سے تقریباً دو سو ناٹیکل میل یعنی تین سو ستر کلومیٹر کے فاصلے پر موجود تھا۔
پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے فوری طور پر اپنے میری ٹائم ریسکیو کوآرڈینیشن سینٹر کو متحرک کیا اور علاقے میں گشت پر مامور پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس حنین کو امداد کے لیے روانہ کر دیا۔
بحریہ کی ٹیموں نے مربوط سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے دوران جہاز پر لگی آگ بجھانے میں مدد کی، طبی امداد فراہم کی اور جہاز کو پہنچنے والے نقصانات کا جائزہ لینے کے بعد تمام عملے کو بحفاظت نکال لیا۔
بچائے جانے والے افراد میں چین، بنگلہ دیش، میانمار، ویتنام اور انڈونیشیا کے شہری شامل ہیں۔ عملے کو طبی امداد کے لیے کراچی منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں سے انہیں ضابطے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ان کے آبائی ممالک بھجوا دیا جائے گا۔
پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ یہ کامیاب آپریشن سمندری حدود میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بحریہ کی مستعدی اور اپنی ذمہ داری کے علاقے میں انسانی ہمدردی کے فروغ کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
تہران کی جانب سے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں پر ٹیکس عائد کرنے…
کوئٹہ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ہونے والی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو…
لبنان کے جنوبی شہر نبطیہ میں اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں ریاستی سکیورٹی کے…
بھارت سے سکھ یاتریوں کا ایک بڑا قافلہ واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ گیا…
اسکاٹ لینڈ میں ایک تاریخی عدالتی فیصلے میں چالیس سالہ لی ملن کو اپنی اہلیہ…
بیجنگ میں چینی صدر شی جن پنگ اور تائیوان کی اپوزیشن جماعت کومنتانگ کی سربراہ…