اسلام آباد میں وفاقی حکومت نے کاروباری اوقات کار کے حوالے سے نئی پالیسی کا اعلان کر دیا ہے جس کے تحت تمام دکانیں، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات آٹھ بجے بند کرنا لازمی ہوگا۔ اس حکومتی فیصلے کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے جو تاحکم ثانی نافذ العمل رہے گا۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق میڈیکل اسٹورز، ہسپتالوں، پیٹرول پمپس اور ڈیری شاپس کو ان پابندیوں سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
ریستوران، ہوٹلز، بیکریاں، کریانہ اسٹورز اور سبزی و گوشت کی دکانیں رات دس بجے تک کھلی رہ سکیں گی۔ ٹیک اوے اور ہوم ڈلیوری کی خدمات پر کسی قسم کی کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی ہے۔
شادی ہالز، مارکیز اور تمام نجی تقریبات کو رات دس بجے تک ختم کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اسی طرح جم، کلب اور کھیلوں کی سہولیات بھی رات آٹھ بجے بند کر دی جائیں گی۔
اس سے قبل پنجاب حکومت نے بھی اسموگ کے تدارک کے لیے لاہور سمیت صوبے بھر میں نئے کاروباری اوقات کا نفاذ کیا ہے۔
سندھ حکومت نے بھی وفاقی فیصلے کی روشنی میں کفایت شعاری اقدامات کے تحت صوبے بھر کے لیے نئے اوقات کار جاری کیے ہیں۔ ہوم ڈیپارٹمنٹ کے نوٹیفکیشن کے مطابق ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کے علاوہ دیگر اضلاع میں مارکیٹیں رات آٹھ بجے بند ہوں گی، جبکہ بڑے شہری مراکز اور ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں کاروبار نو بجے تک جاری رہ سکے گا۔
سندھ میں ہوٹلز اور فوڈ آؤٹ لیٹس رات ساڑھے گیارہ بجے تک کھل سکیں گے، جبکہ شادی ہالز اور بینکوئٹ ہالز کے لیے تقریبات کے اوقات رات آٹھ بجے سے بارہ بجے تک مقرر کیے گئے ہیں۔
