نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ملک بھر میں 18 سے 23 اپریل کے دوران شدید موسم کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق اس عرصے کے دوران آندھی، طوفان، ژالہ باری اور موسلادھار بارشوں کا امکان ہے جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کی رپورٹ کے مطابق 18 اور 19 اپریل کو اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور اور فیصل آباد سمیت پنجاب کے بالائی اور وسطی اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔ جنوبی پنجاب میں موسم زیادہ تر خشک رہے گا تاہم 18، 19 اور 23 اپریل کو اکا دکا مقامات پر ہلکی بارش کا امکان ہے۔
بلوچستان کے علاقے کوئٹہ، ژوب، زیارت اور خضدار میں 18، 19، 22 اور 23 اپریل کو بارش اور آندھی کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ گوادر سمیت ساحلی علاقوں میں بھی تیز ہواؤں اور ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ سندھ میں کراچی سمیت مختلف اضلاع میں 19 اور 20 اپریل کو گرد آلود ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ صوبے کے کئی حصوں میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی تیز ہواؤں اور بارش کا سلسلہ جاری رہے گا، جبکہ بالائی اور پہاڑی علاقوں میں برف باری متوقع ہے۔ حکام نے لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر سیاحوں اور مقامی آبادی کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ شدید موسمی صورتحال کے باعث کمزور عمارتوں، درختوں اور بجلی کے کھمبوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے جبکہ سڑکوں پر پھسلن سے ٹریفک کا نظام متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بچنے کے لیے سرکاری ہدایات پر عمل کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔ سیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ شمالی علاقوں کے سفر سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال کے بارے میں تازہ ترین معلومات حاصل کر لیں۔
